اغراض و مقاصد


ہرمسلمان کو اپنی روزمرہ زندگی کو اسلام کے مطابق ڈھالنے کے لیے علم دین کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں دین سے گہری عقیدت اور محبت رکھنے والے دوستوں کو مختلف مسائل کا حل پیش کرنے میں اس لئے دقت پیش آتی ہے کہ ان کے پاس دین کا کافی علم نہیں ہوتا۔جدید تعلیم یافتہ طبقہ محسوس کرتاہے کہ ان کے پاس مختلف دینی علوم کا مناسب علم نہیں جبکہ مدارس سے فارغ احباب کو جدید علوم سے واقفیت نہیں ہوتی۔اسی طرح تبلیغ کا فریضہ انجام دینے والے احباب جس دین کی دعوت دے رہے ہوتے ہیں اس کے بارے میں ان کا اپنا علم بہت معمولی ہوتاہے۔درس قرآن دینے والے اکثر متحرک بھائی علم دین کے نہایت اہم شعبوں سے آگاہ نہیں ہوتے۔مشکل یہ ہے کہ اس قسم کے قابل احترام خواتین و حضرات کے پاس روایتی اندازِ تعلیم کے لیے وقت نہیں۔اس اہم دینی ضرورت کو پوراکرنے کے لیے دعوت فاؤنڈیشن پاکستان نے ایسا پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے ذریعے ہرعمر کے مردوخواتین نہایت آسان طریقہ سے اپنے اپنے شوق کے مطابق گھر بیٹھے علم دین حاصل کرسکتے ہیں۔

بنیادی مقاصد

  • ۔کم سے کم وقت میں دین کے بنیادی پیغام، قرآن و سنت ،فقہ وسیرت اور جدید معاشیات و سیاسیات کے مباحث سے واقفیت۔
  • ۔طلبہ میں دین کے مطالعہ کا گہرا ذوق پیداکرنا۔
  • ۔طلبہ میں مدرس قرآن بننے کی صلاحیت پیداکرنا۔
  • ۔دین کی وسیع سوچ اوربین المسالک ہم آہنگی پیدا کرنا۔
  • ۔مبلغین اسلام تیار کرنا۔
  • ۔اولاد کی تربیت کیلئے والدین اور طلبہ کی رہنمائی۔
  • اہم ترین مقصد:دین اسلام کی سربلندی کیلئے رجال کارتیار کرنا


چند اہم پہلو:
1۔                         پورانصاب فہم دین کے نو حصوں پر مشتمل ہے: ۱۔قرآن حکیم ۔۲۔حدیث نبویؐ ۔۳۔اسلامی فقہ ۔۴۔عربی گرائمر۔۵۔سیرۃ النبیؐ ۔۶۔اسلام کا معاشی نظام۔۷۔اسلام کا سیاسی و معاشرتی نظام۔۸۔تصوف واحسان اور تزکیۂ نفس۹۔معاوناتِ فہم دین(مثلاًاقبالیات،فن خطابت،اسلامی تاریخ ،اہم دینی موضوعات وغیرہ )۔
2۔ ادارے کا طریق کار : گھربیٹھے علم دین حاصل کرنے کا منفرد طریق کار جو فاضل علماء اور ماہرین کے زیرنگرانی سرانجام دیاجاتاہے۔
3۔موجودہ کورسز: فاؤنڈیشن اس وقت مندرجہ ذیل کورسز کروارہی ہے۔1-تعلیم الاسلام سرٹیفیکیٹ کورس (مکمل)۔ ۲۔ڈپلومہ فاضل علوم اسلامی۔ ۳۔اسناد فضیلت (الاستاذ،رئیس الاساتذہ)۔علاوہ ازیں خصوصی اہمیت کے مندرجہ ذیل کورسز بھی پروگرام میں شامل ہیں:۔۴۔ تعلیم الاسلام سرٹیفیکیٹ کورس( ابتدائی)۔ ۵۔ مدرس قرآن کورس ۔۶۔ مبلغ اسلام کورس ۷۔مربی بنئے۔۸۔ اولاد کی تربیت: مختلف سطحوں کے چار کورسز(پرائمری/مڈل سیکشن،میٹرک سیکشن،کالج سیکشن،یونیورسٹی سیکشن) ۔۹۔ والدین کی ذمہ داری سے متعلق کورس۔
4۔ تمام کورسوں کی اسناد دعوت فاؤنڈیشن پاکستان اور دعوۃ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی طرف سے جاری کی جائیں گی۔
5۔ دعوت فاؤنڈیشن پاکستان اور دعوۃ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق دونوں ادارے دعوت، تعلیم اور دین اسلام کی ترویج کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کرینگے۔
6۔ ادارے کا تعلیمی بورڈ ایسے فاضل علماء اور دانشوروں پر مشتمل ہے جن کا علمی مرتبہ اپنے اپنے حلقوں میں مسلمہ ہے۔ناموں کی فہرست الگ دی گئی ہے۔